موہالی،29نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ایک بار پھر اسپنروں کی بہترین کارکردگی کے دم پر ہندوستان نے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن آج انگلینڈ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2.0کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستان کی اسپن تکڑی آر اشون(تین وکٹ)، روندر جڈیجہ اور جینت یادو(دو دو وکٹ)نے دوسری اننگز میں انگلینڈ کو 236رنز پر پویلین بھیج دیا۔ٹیم میں واپسی کرنے والے پارتھیو پٹیل نے 53گیند میں 11چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 67رن بنائے جس سے ہندوستان نے 103رن کا ہدف دو وکٹ کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔پٹیل نے ایکسٹرا کور میں چوکا جڑکر ہندوستان کو جیت تک پہنچایا۔پٹیل اور چتیشور پجارا(25)نے 15.2اوور میں 81رن کی شراکت کرکے ہندوستان کو 20.2اوور میں ہدف تک پہنچا دیا۔پارتھیو نے ٹی 20کرکٹ کی اپنی مہارت کا نمونہ پیش کرتے ہوئے جارحانہ اننگز کھیلی۔انہوں نے 50رنز صرف 39گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ پورے کئے۔اس سے پہلے نوجوان حسیب حمید 156گیند میں 59رن کی مدد سے انگلینڈ نے 200رنز کا ہندسہ پار کیا۔انگلی میں چوٹ کے باوجود آٹھویں نمبر کے بلے باز حمید نے یہ عمدہ اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور اشون کو ایک چھکا لگایا۔اس کی اس اننگز کی وجہ سے ہی ہندوستان کو 100سے زیادہ کا ہدف ملا۔چوٹوں سے جوجھ رہی ہے ہندوستانی ٹیم نے اس میچ میں بولنگ اور بیٹنگ میں انگلینڈ کو انیس ثابت کر دیا۔اشون نے 72رنز بنانے کے علاوہ چار وکٹ بھی لئے۔جڈیجہ نے 90رنز بنائے اور چار وکٹ لئے جبکہ جینت نے 55رن بنانے کے ساتھ چار وکٹ لئے۔
جو روٹ کو چھوڑ کر انگلینڈ کے ٹاپ آرڈرکو ہندوستان نے کل ہی پویلین بھیج دیا تھا اور چوتھے دن بس یہی دیکھنا تھا کہ فتح کیلئے ہندوستان کا انتظار کتنی دیر تک رہتا ہے۔ہندوستان کی تشویش کا سبب روٹ تھے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد حمید نے بھی عمدہ اننگز کھیلی۔روٹ 78دی رنز بنا کر جڈیجہ کا شکار ہوئے جن کا کیچ اجنکیا رہانے نے لپکا۔روٹ نے 179گیند کھیل کر اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے۔انہیں حمید کے طور پر اچھا ساتھی ملا اور دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 119گیندوں میں 45رن کی شراکت کی۔روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کے وکٹ جلدی جلدی گر گئے۔حمید نے اگرچہ ہندوستان کو کچھ دیر انتظار کرایا۔لنچ کے بعد محمد سمیع نے نچلے آرڈر کے بلے بازوں کو شارٹ گیند پر پویلین بھیجا۔سمیع نے 14اوور میں 37رن دے کر دو وکٹ لئے۔حمید نے آٹھویں وکٹ کے لیے کرس ووکس(30)کے ساتھ 43رنز کی شراکت کی۔ووکس کو سمیع نے وکٹ کے پیچھے پارتھیو پٹیل کے ہاتھوں لپکوایا۔عادل رشید(0)بھی سمیع کی شارٹ گیند کا شکار ہوئے جن کا کیچ اسکوائر لیگ پر امیش یادو نے لپکا۔
اس میچ میں پارتھیو کی وکٹ کیپنگ اتنی اچھی نہیں رہی جتنی کہ بیٹنگ،پہلے گھنٹے میں جینت اور جڈیجہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک ایک وکٹ بھی لیا۔ہندوستان کے بہترین اسپنر کو دوسرے گھنٹے میں گیند دی گئی اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا وہ فٹنس مسائل سے دو چار ہیں۔انگلینڈ کی پریشانیوں کا آغاز دوسرے اوور میں ہوا جب جیریتھ بیٹی اکاؤنٹ کھولے بغیر ہی جڈیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔اس وقت انگلینڈ کا اسکور پانچ وکٹ پر 78رن تھا۔جوس بٹلر(17)نے جڈیجہ کو چھکا اور امیش کو چوکا لگایا لیکن جینت کو ڈیپ مڈ وکٹ باؤنڈری پر چوکا لگانے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔